عالمی منڈی میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.29 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 89.45 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی، جو 56 سینٹ یا 0.66 فیصد کمی کے بعد 83.90 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باوجود تیل بردار جہازوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہنے کے باعث عالمی مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ کم ہوا۔
اس سے قبل جنگی خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، جہاں گزشتہ کاروباری سیشن میں برینٹ خام تیل 7.91 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 6.56 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا انحصار آئندہ دنوں میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور سپلائی کے تسلسل پر رہے گا۔





