وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں صوبے کی مجموعی صورتحال بالخصوص جنوبی اضلاع کے سیکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات، معاونِ خصوصی برائے داخلہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر حکام نے وزیراعلیٰ کو سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران بدامنی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بدامنی کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس فورس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں کی بزدلانہ کارروائیاں خیبرپختونخوا پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، پولیس کی قربانیاں لازوال ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس فورس کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حکومت پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہمارے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے و دیرپا امن کے لیے جدوجہد پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات میں معروف خاتون ٹک ٹاکرسمیت دو خواتین قتل،پولیس تحقیقات جاری
وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی نے امید ظاہر کی کہ موجودہ مالی سال خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔





