شاہد جان
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی مراعات اور استحقاق سے متعلق قانون کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نئی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
اسمبلی کی ویب سائٹ پر دستیاب ایکٹ کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو دو دو سرکاری گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، جبکہ اسپیکر ایک بکتر بند گاڑی استعمال کرنے کا بھی مجاز ہوگا۔
قانون کے تحت دونوں عہدیداروں کو گرفتاری یا حراست سے استثنیٰ حاصل ہوگا، جبکہ کوئی بھی قانون نافذ کرنے والا ادارہ ان کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہونے، تلاشی لینے یا چھاپہ مارنے کا مجاز نہیں ہوگا۔
سرکاری دوروں کے دوران اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر اپنے بچوں کے ہمراہ بزنس کلاس میں سفر کر سکیں گے جبکہ ان کے ساتھ دو نجی معاونین بھی سفر کریں گے جن کے لیے اکانومی کلاس ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے۔
قانون کے مطابق اسپیکر کو سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے حکومتی ہیلی کاپٹر، طیارہ یا پاک فضائیہ کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔
اگر سرکاری رہائش گاہ دستیاب نہ ہو تو متبادل رہائش کے اخراجات فنانس کمیٹی کی منظوری کے مطابق ادا کیے جائیں گے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر اپنی مدتِ ملازمت کے دوران اور عہدہ چھوڑنے کے بعد مزید 15 روز تک سرکاری رہائش استعمال کر سکیں گے جبکہ اسپیکر نئی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب تک اسی رہائش میں قیام کر سکے گا۔
قانون کے تحت فنانس کمیٹی کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ حادثے میں وفات کی صورت میں کمیٹی کی منظور کردہ رقم قانونی ورثا کو ادا کی جائے گی جبکہ زخمی ہونے کی صورت میں متعلقہ عہدیدار کو معاوضہ دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلی سہیل آفریدی کی زیر صدارت جنوبی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس
واضح رہے کہ قانون کے ابتدائی مسودے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے گریڈ 17 کے سیکریٹری، باورچی اور ڈرائیور کی فراہمی کی تجویز بھی شامل تھی تاہم حتمی قانون میں ان شقوں کو حذف کر دیا گیا۔





