گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں واقع پاکستان کی 12ویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے باعث 10 کوہ پیماؤں سے رابطہ منقطع ہوگیا جن کی تلاش کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
الپائن کلب پاکستان کے مطابق لاپتا کوہ پیما 8 ہزار 47 میٹر بلند براڈ پیک سر کرنے کی مہم پر تھے کہ اچانک برفانی تودے کی زد میں آگئے، جس کے بعد ان سے رابطہ قائم نہیں ہو سکا۔
حکام کے مطابق سرچ آپریشن کی قیادت معروف پاکستانی کوہ پیما سرباز خان کر رہے ہیں جبکہ لاپتہ کوہ پیماؤں میں امریکا، نیپال، عمان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کا واقعہ، معروف کوہ پیماؤں سمیت متعدد افراد لاپتہ
ریسکیو ٹیمیں متاثرہ مقام پر پہنچنے اور لاپتا کوہ پیماؤں کا سراغ لگانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر ریسکیو آپریشن کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو پاک فوج کے تعاون سے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نامساعد موسمی حالات کے باوجود فضائی اور زمینی ریسکیو ٹیمیں تیار رکھی جائیں، جبکہ آپریشن کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔





