اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن نے تیاریاں تیز کرتے ہوئے حلقہ بندیوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں حلقہ بندیوں کا باقاعدہ آغاز یکم اگست سے ہو رہا ہے جو 13 اکتوبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔
پنجاب کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اعتراضات کی سماعت کے بعد حتمی حلقہ بندیاں 17 اگست 2026 کو شائع کی جائیں گی، جس کے بعد صوبائی حکومت سے پولنگ کی تاریخ طے کی جائے گی۔
خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا کام پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے تاہم صوبائی حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کر کے آبادی کی حد 30 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار کر دی ہے اور الیکشن کمیشن سے مزید 3 ہفتوں کی مہلت طلب کر لی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے اور الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 کے تحت وہ 120 دن کے اندر انتخابات کرانے کا پابند ہے اور ادارہ مکمل تیار ہے۔
اعلامیے میں اس تشویش کا اظہار بھی کیا گیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے الیکشن سے قبل اکثر قوانین میں ترامیم کی ہیں جبکہ بروقت قانون سازی کی الیکشن کمیشن کی تجویز کو وزارت پارلیمانی امور نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا تھا کہ قانون سازی صرف پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔





