ملک بھر کی ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: وزارتِ قانون نے ملک کی مختلف ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرری اور بعض ایڈیشنل ججز کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ میں محمد رؤف عطا، اللہ داد روشن اور عبدالقیوم لہڑی کو بطور جج تعینات کیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز کے لیے ایاز شوکت، عمر مجید ملک اور شاہ رخ ارجمند کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

وزارتِ قانون کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں 10 ایڈیشنل ججز مقرر کیے گئے ہیں۔ ان میں غلام سرور، محمد امجد خان زاہد، امیر عجم ملک، شیرین عمران، اسد علی باجوہ اور محمد امجد پرویز شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہائیکورٹس کے ایڈیشنل ججز کی تعیناتی، صدر مملکت نے سمریوں پر دستخط کردیے

خالد بن عزیر، منور اقبال دوگل، فرہاد علی شاہ اور محمد عثمان غنی بھی لاہور ہائی کورٹ میں مقرر کیے جانے والے ایڈیشنل ججز میں شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے لیے محمد ہمایوں خان، سریش کمار اور شاہنواز میمن کی بطور ججز تقرری کی گئی ہے، جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس خالد حسین کی بطور ایڈیشنل جج مدتِ ملازمت میں مزید 6 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ کے لیے جسٹس فرح جمشید، جسٹس انعام اللہ اور جسٹس اورنگزیب کو بطور ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا ہے۔

وزارتِ قانون کے مطابق مختلف ہائیکورٹس میں مقرر کیے گئے ایڈیشنل ججز کی تعیناتی ایک سال کے لیے کی گئی ہے۔

Scroll to Top