فولڈ ایبل کے بعد اب رولیبل فون؟ نئی ڈیوائس نے تہلکہ مچا دیا

تیکنیکی دنیا سے سامنے آنے والی نئی لیکس کے مطابق مشہور اسمارٹ فون کمپنی سام سنگ سنہ 2027 کے دوران پانچ مختلف فولڈ ایبل فلیگ شپ ڈیوائسز متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاہم کمپنی کی جانب سے ان معلومات کی تاحال کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیک ہونے والی ڈیوائسز کے کوڈ نیمز کیو نائن بی، کیو نائن اے، ایچ نائن اور زیڈ نائن کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی نائن ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فلپ نائن جبکہ ایچ نائن گلیکسی زیڈ فولڈ نائن کا کوڈ نیم ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے قبل گزشتہ ماڈلز کے لیے بھی بالترتیب بی ایٹ اور ایچ ایٹ کے کوڈ نیمز استعمال کیے گئے تھے۔

لیکس میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ کیو نائن اے اور کیو نائن بی ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فولڈ نائن الٹرا اور ٹرائی فولڈ ٹو کے مختلف ورژنز ہو سکتے ہیں، جبکہ زیڈ نائن کوڈ نیم والی ڈیوائس نے ماہرین کی سب سے زیادہ توجہ حاصل کی ہے جس کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ یہ کسی روایتی اسمارٹ فون کے بجائے ایک ٹیبلیٹ نما ڈیوائس ہو سکتی ہے۔

ٹیک ماہرین کا خیال ہے کہ زیڈ نائن سام سنگ کی پہلی رولیبل ڈسپلے ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیوائس ہو سکتی ہے جس میں اسکرین کو فولڈ کرنے کے بجائے رول کرنے کی سہولت موجود ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :  سام سنگ، ریڈمی اور انفنکس کے نئے اسمارٹ فونز مارکیٹ میں آگئے

سام سنگ کی جانب سے ان تمام افواہوں اور لیکس پر فی الحال کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا گیا جس کی بنا پر ماہرین ان معلومات کو حتمی خبر کے بجائے صرف ممکنہ منصوبوں کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

Scroll to Top