پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شفیع جان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہاتھ ملانے یا کسی بھی قسم کے سیاسی اتحاد کا کوئی امکان نہیں کیونکہ بانی پی ٹی آئی واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ ہم چوروں سے ہاتھ نہیں ملاتے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ اس وقت بانی پی ٹی آئی سے کسی کی ملاقات نہیں ہو رہی حتیٰ کہ ڈاکٹروں کو بھی ان تک رسائی حاصل نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے درست معلومات اسی وقت سامنے آ سکیں گی جب کسی کو ان سے ملاقات کی اجازت ملے گی۔
انہوں نے بیرسٹر گوہر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کیے گئے سوشل میڈیا بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بیرسٹر گوہر نے اس حوالے سے ٹویٹ کیا ہے تو اس میں یقیناً کوئی حقیقت ہوگی، تاہم انہیں یہ معلومات کس ذریعے سے ملیں، اس بارے میں وہ خود ہی بہتر وضاحت کر سکتے ہیں۔
شفیع جان نے کہا کہ اگر عوامی مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا جائے گا تو موجودہ سیاسی نظام آگے نہیں بڑھ سکے گا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک دوسرے کے لیے انشورنس پالیسی کا کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ دونوں جماعتیں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر اقتدار میں بیٹھی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جیل ہسپتال میں زیر علاج ہونے کی خبریں،بیرسٹر گوہر کا اہم بیان سامنے آ گیا
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پیش کردہ بجٹ کی منظوری پیپلزپارٹی کی حمایت سے ممکن ہوئی اور اسی جماعت کے ووٹوں کی وجہ سے وفاقی حکومت قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومتی عہدے محض اعزازی حیثیت رکھتے ہیں تو پیپلزپارٹی کو ایسے عہدے چھوڑ دینے چاہییں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر محسن نقوی کے حالیہ بیانات سے بھی بانی پی ٹی آئی کا مؤقف درست ثابت ہوا ہے۔





