آزاد کشمیر مظفر آباد ڈویژن کے 9 حلقوں میں انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن اہم بیان جاری

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں میں آج ہر صورت پولنگ مقررہ شیڈول کے مطابق ہوگی جبکہ انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق آج ہی منعقد ہوگا اور اس حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، انتخابی ڈیوٹی پر مامور عملے اور انتخابی سامان کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں، موسمی حالات اور بعض مقامات پر احتجاجی صورتحال کے باعث محدود انتظامی مشکلات کا سامنا ضرور رہا تاہم تمام انتخابی سامان متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر تعیناتی کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی روانگی بھی جاری ہے جبکہ انتخابی عمل کے پُرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی الیکشن ڈیوٹی پر بھرپور انداز میں متحرک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ کے کامیاب انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ اور ہم آہنگی برقرار ہے۔

الیکشن کمیشن نے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا خوف و خطر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں اور جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں۔

Scroll to Top