مظفرآباد: چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے اعلان کیا ہے کہ حلقہ ایل اے 27 میں ملتوی ہونے والا انتخاب اب منگل 4 اگست کو منعقد ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہونے کے باعث اس حلقے میں پولنگ ملتوی کرنا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ رات بھر ہونے والی موسلادھار بارش کے نتیجے میں درخت گرنے سے متعدد شاہراہیں بلاک ہوگئیں، جس کے باعث انتخابی عمل مقررہ وقت پر ممکن نہ رہا۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ جمہوری نظام میں تبدیلی کا واحد راستہ ووٹ ہے اور ہر شہری کو اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ دینا قومی اور جمہوری ذمہ داری ہے، جبکہ تشدد یا دیگر غیر جمہوری طریقوں سے تبدیلی نہیں لائی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں : آزاد جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات، لکی مروت سمیت خیبرپختونخوا میں پولنگ پرامن انداز میں جاری
انہوں نے مزید کہا کہ میرپور ڈویژن میں ووٹر ٹرن آؤٹ بہتر رہنے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والی ہر شکایت پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے اور تمام فیصلے قانون کے مطابق کیے جائیں گے، کسی بھی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز محفوظ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔
واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جبکہ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔
انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ووٹرز کے تحفظ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی کوئیک رسپانس فورس بھی الرٹ ہے۔





