اپر جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان ٹائیکوانڈو کھلاڑی احسان محسود نے تھائی لینڈ میں منعقدہ بین الاقوامی ٹائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
احسان محسود نے ایونٹ کے مختلف مقابلوں میں قازقستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کو شکست دینے کے بعد فائنل میں سری لنکا کے حریف کو زیر کر کے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔
احسان محسود کا تعلق اپر جنوبی وزیرستان کے علاقے بروند سے ہے اور وہ محسود قبیلے کی ذیلی شاخ فریدائی سے تعلق رکھتے ہیں۔ کامیابی کے بعد اپنے پیغام میں انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیرستان اور پاکستان کی نمائندگی کر کے گولڈ میڈل جیتنے پر بے حد فخر ہے۔
انہوں نے اہلِ وزیرستان، محسود، وزیر، داوڑ اور پوری پاکستانی قوم کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پوری قوم کے نام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میڈلز جیتنے والا نوجوان آج کہاں ہے؟ میدان سے محنت کے کٹھن راستے تک کا سفر جانیں
احسان محسود کی بین الاقوامی کامیابی پر ملک بھر سے انہیں مبارکبادیں دی جا رہی ہیں۔ سیاسی، سماجی اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے ان کی شاندار کارکردگی کو نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے مزید بین الاقوامی اعزازات حاصل کریں گے۔





