جنوبی وزیرستان اپر میں خیمے پر مارٹر گولہ گرنے سے 2 خواتین اور بچی جاں بحق، 5 زخمی

جنوبی وزیرستان اپر: تحصیل سراروغہ کے علاقے احمد وام میں خانہ بدوش کوچی (پیوندہ) خاندان کے عارضی خیمے پر مبینہ مارٹر گولہ گرنے کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک معصوم بچی جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوچی برادری سے تعلق رکھنے والا خاندان کھلے آسمان تلے قائم عارضی کیمپ میں موجود تھا۔ اچانک مارٹر گولہ خیمے پر آ گرا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود افراد متاثر ہوئے۔

واقعے میں دو خواتین اور ایک بچی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مارٹر گولہ نامعلوم افراد کی جانب سے فائر کیا گیا، جس کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان اپر کے سرکاری اسکولوں کو پی پی پی کے تحت دینے کی مخالفت، سابق میئر کا احتجاج کا اعلان

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل شوال میں ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی تھی۔

اہل علاقہ نے متاثرہ خاندان کے لیے فوری مالی امداد اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top