قیصر بخاری
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ضلع کرک نے سابق رکن صوبائی اسمبلی گل صاحب خان خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
پارٹی کے ضلعی انفارمیشن سیکریٹری عبدالرحمن خٹک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گل صاحب خان خٹک کو ضابطۂ اخلاق اور تنظیمی ڈسپلن کی متواتر خلاف ورزیوں پر 3 اگست 2026 کو ضلعی صدر شاہنواز خٹک کے دستخط سے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں انہیں 3 دن کے اندر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ وقت ختم ہونے کے باوجود سابق ایم پی اے کی جانب سے کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ جس کے بعد صوبائی قیادت کی ہدایت اور ضلعی صدر شاہنواز خٹک کی زیرصدارت ضلعی تنظیم کے باہمی مشورے سے ان کی بنیادی رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : بابر اعظم نے عمران خان اور وسیم اکرم کا اہم اعزاز برابر کر دیا
اعلامیے کے مطابق اس فیصلے کے بعد گل صاحب خان خٹک کا اے این پی سے کسی قسم کا تنظیمی یا جماعتی تعلق نہیں رہا اور وہ پارٹی کے نام، پلیٹ فارم یا کسی بھی سرگرمی کی نمائندگی کے مجاز نہیں ہوں گے۔





