پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے جنوبی کوریا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری مقابلے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے قومی انڈر 21 ٹیم کو میدان میں اتارنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کو سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، جس کے پیش نظر پی ایچ ایف نے نوجوان کھلاڑیوں کو مضبوط جنوبی کوریائی ٹیم کے خلاف بین الاقوامی سطح کا تجربہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق قومی انڈر 21 ٹیم نے حالیہ دورۂ عمان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان عمان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا جس کے بعد نوجوان کھلاڑیوں کو خود کو منوانے کا ایک اور موقع دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہاکی ٹیسٹ سیریز: پاکستان نے جنوبی کوریا کو مسلسل دوسری بار شکست دے دی
پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ آج شام 5:15 بجے اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے شائقینِ ہاکی سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اسٹیڈیم پہنچ کر نوجوان قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔





