حکومت کا پرائیویٹ حج کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

حکومت نے پرائیویٹ حج آپریشن کو مزید شفاف، محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 2027 سے پرائیویٹ حج بکنگ بھی وزارتِ مذہبی امور کی براہِ راست نگرانی میں کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پہلی بار سرکاری حج اسکیم کے ساتھ پرائیویٹ حج آپریشن بھی وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ انتظام ہوگا، نئے نظام کے تحت پرائیویٹ حج اسکیم پاک حج ایپ کے ذریعے چلائی جائے گی جہاں عازمین مختلف مجاز کمپنیوں کے پیکجز کا جائزہ لے کر اپنی پسند کی کمپنی کا انتخاب کر سکیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے نسک مسار سسٹم سے ہم آہنگ نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کیا جا رہا ہے جس کے تحت پرائیویٹ حج پیکجز، معاہدے، ادائیگیاں اور دیگر تمام امور وزارتِ مذہبی امور کی نگرانی میں انجام پائیں گے۔

نئے نظام کے تحت تمام مالی لین دین پاک حج ایپ کے ذریعے ہوگی جبکہ حج معاہدوں اور ادائیگیوں کے لیے ون ونڈو سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی 25 مجاز پرائیویٹ حج کمپنیاں وزارتِ مذہبی امور کے تحت خدمات فراہم کریں گی جبکہ وزارت حج معاہدوں، ادائیگیوں اور مجموعی آپریشن کی نگران ہوگی۔

پرائیویٹ حج آپریشن کو 2027 سے 2030 تک نئے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت چلانے کی تیاری مکمل کی جا رہی ہے، سعودی ہدایات کے مطابق اس نظام کا مقصد حج انتظامات کو مزید شفاف، محفوظ اور تیز رفتار بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حج پالیسی میں اہم تبدیلی، 16 بینکوں کی جگہ صرف ایک درخواستیں موصول کرے گا

ذرائع کے مطابق پاک حج ایپ اب صرف سرکاری حج ہی نہیں بلکہ پرائیویٹ حج آپریشن کا بھی مرکزی پلیٹ فارم ہوگی، ایپ پر اب تک ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین رجسٹریشن کروا چکے ہیں جبکہ عازمین کی رقوم اور معاہدوں کی مکمل نگرانی بھی وزارتِ مذہبی امور کے تحت ہوگی۔

Scroll to Top