پی ٹی آئی کے لوگ عمران خان کے نام پر اربوں کما رہے ہیں، جلسے عوام کو دھوکا دینے کے سوا کچھ نہیں، ارباب عثمان خان

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ارباب عثمان خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال سے حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے جلسے کرنے میں مصروف ہے۔

اپنے بیان میں ارباب عثمان خان نے کہا کہ پی ٹی آئی جلسوں کی تاریخ پر تاریخ دے رہی ہے، جس روز جلسے کا اعلان کیا گیا تھا، اسی وقت واضح کر دیا تھا کہ یہ محض عوام کو دھوکا دینے اور سیاسی کھلواڑ کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خود اعتراف کر چکے ہیں کہ جماعت کے بعض افراد عمران خان کے نام پر اربوں روپے کما رہے ہیں۔

ارباب عثمان خان نے الزام عائد کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے خیبر پختونخوا کو تباہ کر دیا ہے اور اسے گورننس کا بنیادی شعور بھی حاصل نہیں، ان کا کہنا تھا کہ حکومت چلانے کی نہ صلاحیت ہے اور نہ ہی سمجھ، جبکہ ان کی تمام توجہ کرپشن پر مرکوز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا پشاور میں جلسہ گاہ کا دورہ، صوبے کے خراب حالات کا اعتراف بھی کرلیا

انہوں نے کہا کہ جب تک عوام اہلیت اور کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے نہیں کریں گے، حالات میں بہتری نہیں آئے گی۔

اے این پی رہنما نے اپنی جماعت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی پارلیمان، پارلیمانی نظام اور جمہوریت کی حقیقی روح کو سمجھنا چاہتا ہے تو عوامی نیشنل پارٹی سے بہتر مثال نہیں مل سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوگا کہ جب بھی اے این پی کو موقع ملا اس نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

Scroll to Top