ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز حکومت خیبرپختونخوا نے عوام اور نوجوانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، شفافیت اور جوابدہی کے فروغ کے لیے صوبے کے تمام ضلعی یوتھ دفاتر میں ’’اختیار عوام کا‘‘ شکایتی سیل قائم کر دیا ہے۔
پشاور:اس اقدام کے تحت شہری اپنے متعلقہ ضلعی یوتھ آفس کی جانب سے جاری کردہ ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کرکے شکایات درج کرا سکیں گے، تجاویز دے سکیں گے اور محکمہ یوتھ افیئرز کی مختلف خدمات اور نوجوانوں کے لیے جاری حکومتی پروگراموں سے متعلق معلومات بھی حاصل کر سکیں گے۔
ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا عباس خان آفریدی نے کہا کہ ’’اختیار عوام کا‘‘ شکایتی سیل کا قیام عوام کو براہِ راست محکمہ یوتھ افیئرز سے جوڑنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آراء اور شکایات اداروں کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اسی لیے ہر شکایت کو سنجیدگی، شفافیت اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق نمٹایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا نوجوانوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ یہ شکایتی نظام ادارے کی کارکردگی کو مزید مؤثر اور جوابدہ بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مسئلے، شکایت یا رہنمائی کے لیے اپنے متعلقہ ضلعی یوتھ آفس کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں تاکہ ان کے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔





