خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ اس دوران مادر وطن کے دو بہادر سپوت شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائیاں چودہ اور پندرہ مارچ کو کی گئیں۔
ضلع مہمند میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، جس میں 7 دہشتگرد مارے گئے، تاہم دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ نے جام شہادت نوش کیا۔
شہید حوالدار محمد زاہد کا تعلق مالاکنڈ جبکہ سپاہی آفتاب علی شاہ کا تعلق ضلع چترال سے تھا۔
دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مڈی میں کی گئی، جہاں دو دہشتگرد مارے گئے۔ فورسز نے ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: جعفر ایکسپریس واقعہ کا مین سپانسپر بھارت ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر