پشاور میں توانائی شعبے کا اہم اجلاس: مائیکرو ہائیڈل پاور پلانٹس کے نقصانات روکنے اور منافع بڑھانے پر خصوصی بریفنگ

گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، توانائی و بجلی، سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عثمان سیف اللہ خان کی زیر صدارت پشاور میں مائیکرو ہائیڈل منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے بجلی کی فی یونٹ لاگت کم کرنے، بلنگ و وصولیوں کے نظام کو مؤثر بنانے اور صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی۔

مشیر گورنر خیبر پختونخوا عثمان سیف اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اس اعلیٰ سطح اجلاس میں توانائی اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران صوبے میں فعال مائیکرو ہائیڈل پاور منصوبوں کے مجموعی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

متعلقہ حکام نے مشیر گورنر کو فی یونٹ بجلی کی پیداواری لاگت، صارفین کی تعداد، بجلی کی طلب اور موجودہ پیداوار کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔

اس موقع پر ترسیلی نظام کی صورتحال، بلنگ کے طریقہ کار، واجبات کی وصولیوں، فنی و مالی نقصانات اور منصوبوں کے منافع سے متعلق اعداد و شمار بھی پیش کیے گئے۔

بریفنگ سننے کے بعد مشیر گورنر عثمان سیف اللہ خان نے واضح کیا کہ مائیکرو ہائیڈل منصوبوں کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پیداواری لاگت میں کمی لانے اور بلنگ و وصولیوں کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے فوری اصلاحات کی جائیں تاکہ ان منصوبوں کو مالی طور پر مستحکم اور منافع بخش بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا عملی قدم:پشاور میں پینے کے صاف پانی کا 80 فیصد مسئلہ حل ،ورسک کینال کو لائف لائن قرار دے دیا گیا!

عثمان سیف اللہ خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بجلی کی طلب اور پیداوار میں بہتر توازن قائم کیا جائے اور ترسیل کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کر کے صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ خیبر پختونخوا کے قدرتی پن بجلی وسائل سے عوام اور صوبے کی معیشت کو بھرپور فائدہ پہنچایا جا سکے۔

Scroll to Top