چونیاں میں لرزہ خیز واردات:زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے متعدد افراد ہلاک!

زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے کے دلخراش واقعے نے نیا اور لرزہ خیز رخ اختیار کر لیا ہے جہاں پولیس نے مقتول سربراہِ خانہ کی بیٹی سمیت چار افراد کے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق گزشتہ ماہ پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات کے بعد چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اندراج شدہ ایف آئی آر کے متن میں یہ سنگین الزام عائد کیا گیا ہے کہ مقتول قاسم علی کی اپنی بیٹی نے کھیر میں زہریلی گولیاں ملائی تھیں جس کے باعث یہ پورا گھرانہ موت کے منہ میں چلا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس المناک سانحے میں جان کی بازی ہارنے والوں میں قاسم علی، ان کی اہلیہ اور تین بیٹے شامل ہیں۔

ایف آئی آر میں بیان کردہ تفصیلات کے مطابق 22 اکتوبر کو زہریلی کھیر کھانے کے بعد خاندان کے مجموعی طور پر چھ افراد کی حالت اچانک غیر ہو گئی تھی جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے پانچ افراد جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں : ماسکو کا یوکرائن پر بڑا حملہ:400 سے زائد ڈرون اور 110 میزائل داغ دیئے،متعدد افراد ہلاک وزخمی!

چونیاں پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد کیس کے تمام پہلوؤں پر قانونی کارروائی اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے جبکہ نامزد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top