وزیر دفاع خواجہ آصف نے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے والے سیاسی عناصر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ محض اپنے ذاتی ایجنڈے اور سیاسی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے سندھ میں حالات خراب ہونے کا جھوٹا بہانہ تراشا جا رہا ہے جبکہ قومی معاملات پر خون خرابے کی دھمکیاں دینے والوں کا طرزِ عمل ملک اور عوام کے مفاد کے سراسر منافی ہے۔
انہوں نے ایسے عناصر کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ذات اور محدود مفادات کے خول سے باہر نکل کر قومی سوچ کے ساتھ بات کریں کیونکہ اگر مکالمے کے راستے بند کرنا شروع کر دیے گئے تو اس کا براہِ راست نقصان سیاست، ریاست اور عام آدمی کو پہنچے گا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ انتظامی بہتری اور عوامی سہولت کے لیے دنیا بھر میں نئے صوبے تشکیل دیے جاتے ہیں مگر یہاں اس معاملے کو الجھانے کے لیے خون خرابے کی باتیں کی جا رہی ہیں جس سے یہ سنجیدہ سوال جنم لیتا ہے کہ ایسی اشتعال انگیز گفتگو کے ذریعے معاملے کو آخر کس سمت دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں کسی قسم کے کوئی تحفظات موجود نہیں ہیں بلکہ وزیراعظم خود اس ایجنڈے کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں اور ان کی بھرپور کوشش ہے کہ اس اہم قومی معاملے پر وسیع تر اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔
خواجہ آصف کے مطابق اس سلسلے میں وزیراعظم نے صدر مملکت اور دیگر متعلقہ شخصیات سے بھی ملاقاتیں کی ہیں اور پوری امید ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی نہ کوئی قابلِ عمل راستہ ضرور نکل آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں : نیویارک عدالت کا بڑا فیصلہ: سکھ رہنما کو راستے سے ہٹانے کے منصوبے میں ملوث بھارتی ایجنٹ کو 19سال قید !
ملکی نظم و نسق اور ریاستی ہم آہنگی پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ملک میں اس وقت ہائبرڈ سسٹم چل رہا ہے اور اس مستحکم نظام میں حکومت کے علاوہ دیگر اہم پارٹنرز بھی شریک ہیں جو ملکی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات نے بھی اس بحث میں اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری اصولوں کے تحت اگر عوام کی یہی رائے ہو تو ملک میں نئے صوبے ضرور بننے چاہئیں۔





