جنوبی وزیرستان لوئر میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 10 کلو وزنی پریشر بم ناکارہ بنا دیا گیا

جنوبی وزیرستان لوئر کے مرکزی بازار وانا میں مبینہ دہشتگردی کی کارروائی ناکام بنا دی گئی، پولیس کے بم ڈسپوزل یونٹ نے تقریباً 10 کلو وزنی پریشر بم بروقت ناکارہ بنا دیا، جبکہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق عسکریت پسندوں کی جانب سے مبینہ طور پر نصب کیے گئے پریشر بم کی موجودگی کا اس وقت علم ہوا جب بلال نامی ایک مقامی شخص نے ایک مشتبہ شخص کو بم نصب کرتے ہوئے دیکھا۔ بلال نے فوری طور پر ہوائی فائرنگ کرکے اسے روکنے کی کوشش کی، تاہم مشتبہ شخص موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقامی شخص کی اطلاع پر سٹی تھانہ وانا کی پولیس نفری نے مشتبہ شخص کا تعاقب کیا اور وچہ خواڑہ کے مقام پر ایک شخص کو گرفتار کرلیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی وانا بازار سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار مشتبہ شخص سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر دہشتگردی کے مختلف واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
دوسری جانب بم ڈسپوزل یونٹ نے جائے وقوع پر پہنچ کر تقریباً 10 کلو وزنی پریشر بم کو بحفاظت ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کے مطابق مقامی افراد کے تعاون سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑی تخریبی کارروائی کو ناکام بنایا گیا۔

Scroll to Top