بلوچستان: سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے علاقے پنجگور میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ سمیت مزید 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد پنجگور میں لوٹ مار، اغوا اور دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے وابستہ ممکنہ دیگر دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یومِ آزادی پر آئی ایس پی آر کا بلوچی زبان میں ملی نغمہ ’پاک اے وطن‘ جاری
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 15 خوارج کو ہلاک کیا گیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں خوارج کے خلاف متعدد کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں خوارج کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ ان کی نقل و حرکت بھی محدود کردی گئی ہے۔





