جشنِ آزادی قریب آتے ہی بازاروں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار

اسلام آباد: جشنِ آزادی قریب آتے ہی ملک بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سے صوبائی دارالحکومتوں تک سبز ہلالی پرچم، جھنڈیوں اور برقی قمقموں نے بازاروں، شاہراہوں اور اہم مقامات کی رونقیں بڑھا دی ہیں۔

14 اگست قریب آتے ہی پاکستان کے مختلف شہروں کا منظرنامہ سبز و سفید رنگوں میں ڈھلتا جا رہا ہے۔ بازاروں میں کہیں قومی پرچموں کی بہار دکھائی دے رہی ہے تو کہیں سبز و سفید جھنڈیاں اور بیجز شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

بچوں کیلئے سبز و سفید لباس، قومی پرچم سے مزین اشیاء اور گاڑیوں کی سجاوٹ کا سامان بھی شہریوں کی خریداری کا حصہ بن رہا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر لگائے گئے خصوصی اسٹالز شہریوں کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔

لاہور سے اسلام آباد اور خیبرپختونخوا تک جشنِ آزادی کی تیاریاں صرف سجاوٹ تک محدود نہیں بلکہ مختلف علاقوں میں سرکاری تقریبات، پرچم کشائی، ثقافتی سرگرمیوں اور دیگر پروگراموں کے انعقاد کیلئے بھی انتظامات جاری ہیں۔

اسلام آباد میں جشنِ آزادی کا رنگ نمایاں ہونے لگا ہے، مختلف مقامات پر قومی پرچموں اور سبز و سفید سجاوٹ نے شہر کی رونق بڑھا دی ہے، جبکہ شہری بھی یومِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں بھی یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر بالخصوص لاہور میں 14 اگست کی تقریبات بھرپور انداز میں منانے کیلئے انتظامات کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ آزادی پر آئی ایس پی آر کا بلوچی زبان میں ملی نغمہ ’پاک اے وطن‘ جاری

خیبرپختونخوا میں رواں سال یومِ آزادی کے موقع پر بڑے پیمانے پر شجرکاری کا منصوبہ بھی سامنے آیا ہے، جس کے تحت صوبے میں 14 لاکھ پودے لگانے کی تیاری کی گئی ہے۔

یومِ آزادی کے یہ سبز و سفید رنگ محض سجاوٹ نہیں بلکہ ہر سال 14 اگست کو ملک کے قیام کی یاد اور وطن سے محبت کے جذبات کو تازہ کرتے ہیں۔

دریں اثنا، یومِ آزادی کی مناسبت سے بلوچی زبان میں خوبصورت ملی نغمہ ’’پاک اے وطن‘‘ بھی ریلیز کیا گیا ہے۔ مشہور بلوچ گلوکار اختر چنال نے اپنے مخصوص روایتی انداز اور جوشیلے بلوچی بولوں کے ذریعے پاک سرزمین سے والہانہ محبت کی عکاسی کی ہے۔

ملی نغمے میں ثقافت اور حب الوطنی کا حسین امتزاج نمایاں ہے، جبکہ بلوچستان کے رنگ، سر اور بول کے ذریعے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے محبت اور عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے عوام کا مکہ باہمی دفاعی معاہدے پر اظہارِ مسرت، عسکری قیادت کو خراجِ تحسین

نغمے میں اس عزم کو اجاگر کیا گیا ہے کہ پاکستان صرف ایک جغرافیہ نہیں بلکہ ہماری پہچان ہے، جس کیلئے جان بھی قربان ہے۔ ملی نغمے میں وطن سے محبت کی گونج ملک کے کونے کونے میں اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔

اختر چنال کے سحر انگیز اور والہانہ اندازِ بیان نے اس جذبے کو مزید اجاگر کیا ہے کہ پاکستان کی محبت ہر وادی، ہر بولی اور ہر دل میں یکساں طور پر موجزن ہے۔

Scroll to Top