پشاور: سرکاری اسکول میں ڈی ایم سی کیلئے طالب علم سے رقم لینے کی شکایت، محکمہ تعلیم کا نوٹس

سلمان یوسفزئی

پشاور: سرکاری اسکول میں ڈی ایم سی کے حصول کیلئے طالب علم سے رقم وصول کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد محکمہ تعلیم ضلع پشاور نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔

شکایت کے مطابق شہید اسامہ ظفر ہائر سیکنڈری اسکول نمبر 2 میں ڈی ایم سی کے حصول کیلئے طالب علم سے مبینہ طور پر 200 روپے وصول کیے گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور عرفان علی کے مطابق سرکاری اسکولوں میں کسی بھی قسم کی رقم وصول نہیں کی جاتی۔ معاملے کی تحقیقات کیلئے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے عوام کا مکہ باہمی دفاعی معاہدے پر اظہارِ مسرت، عسکری قیادت کو خراجِ تحسین

ڈی ای او پشاور کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی سات روز کے اندر اپنی تحقیقاتی رپورٹ جمع کرے گی، جس کے بعد رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

عرفان علی نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص اس معاملے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Scroll to Top