دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جولائی 2026 کے ’’پلیئر آف دی منتھ‘‘ ایوارڈ کے لیے امیدواروں کا اعلان کردیا۔
جولائی کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز، انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور بنگلا دیش کے اوپنر تنزید حسن کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز نے جولائی کے دوران سری لنکا اور پاکستان کے خلاف نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کی ایک صفر سے سیریز فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
انگلینڈ کے ہیری بروک نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنی بیٹنگ سے متاثر کیا۔ انہوں نے پانچ میچز میں مجموعی طور پر 229 رنز بنائے، اس دوران ان کی بیٹنگ اوسط 114.50 اور اسٹرائیک ریٹ 214.01 رہا۔ شاندار کارکردگی پر ہیری بروک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : میٹرو بس آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ مؤخر، سروس آج معمول کے مطابق جاری رہے گی
بنگلا دیش کے اوپنر تنزید حسن بھی جولائی میں بہترین فارم میں نظر آئے۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 159 رنز اسکور کیے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ان کے بیٹ سے 140 رنز نکلے۔
تنزید حسن دونوں فارمیٹس کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے، جس کی بنیاد پر انہیں جولائی کے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔





