خیبرپختونخوا کابینہ نے احساس نوجوان پروگرام کے لیے 5 ارب روپے کی منظوری دے دی

پشاور:خیبرپختونخوا کابینہ نے احساس نوجوان پروگرام کے لیے 5 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پروگرام کا مجموعی حجم 3 ارب روپے سے بڑھا کر 5 ارب روپے کردیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں ضم اضلاع کے ماڈل اسکولوں کے لیے 18 کروڑ 87 لاکھ روپے جبکہ چترال کے لینگ لینڈ اسکول اینڈ کالج کے لیے 6 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔

اجلاس میں اسکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں لانے کے لیے مختلف محکموں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اساتذہ تقرری اور خدمات کی مستقلی بل 2026 کی منظوری دے دی گئی، جس کے تحت قانون سازی مکمل ہونے کے بعد باقی رہ جانے والے عارضی اساتذہ کی خدمات مستقل کی جائیں گی۔

کابینہ نے فاٹا اور پاٹا میں سروس فراہم کرنے والے اداروں کو سروسز سیلز ٹیکس سے استثنیٰ دینے کی بھی منظوری دی۔

صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کے مطابق کابینہ نے 21 مستحق مریضوں کے علاج کے لیے مالی معاونت کی منظوری بھی دی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

اجلاس میں خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بل 2026 بھی منظور کرلیا گیا، جس کے قانون بننے کے بعد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے ایک خودمختار اتھارٹی قائم کی جائے گی۔

شفیع جان نے بتایا کہ کابینہ نے خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی بھی منظوری دی۔

اس کے علاوہ 114 ہاؤس جاب سلاٹس کے قیام اور ہاؤس افسران و ٹرینی میڈیکل افسران کے وظائف میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی۔

صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق باجوڑ میں دہشتگردی سے متاثرہ افراد کے ورثا کے لیے ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 25 لاکھ روپے معاوضے کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمومی معاوضہ پیکج میں بھی نظرثانی کی گئی ہے، جس کے تحت جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے معاوضہ 50 لاکھ روپے جبکہ شدید زخمی افراد کے لیے معاوضہ 15 لاکھ روپے کردیا گیا ہے۔

Scroll to Top