خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اور وسطی اضلاع میں 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے، جبکہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے ساتھ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کو بھی کلیئر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد کار میں بڑا اضافہ، جدید اے پی سیز، گاڑیاں اور موٹر سائیکلز اضلاع کے حوالے

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بارش اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شدید بارش کے دوران ہائیکنگ، ٹریکنگ اور کیمپنگ سے اجتناب کرنے، دریاؤں اور برساتی نالوں سے محفوظ فاصلہ رکھنے اور سیلابی پانی میں پیدل چلنے یا گاڑی گزارنے کی کوشش نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق گرج چمک کے دوران شہری بجلی کی کھلی تاروں اور برقی آلات سے دور رہیں، جبکہ بچوں کو دریاؤں، ندی نالوں، گڑھوں اور پانی کی نکاسی کے راستوں سے دور رکھا جائے۔

تمام متعلقہ اداروں کو صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دے سکتے ہیں۔

Scroll to Top