اسلام آباد میں یومِ آزادی پر خصوصی تقریب، ڈی چوک میں شاندار آتش بازی ہوگی

اسلام آباد میں یومِ آزادی کے موقع پر 14 اگست کو ڈی چوک کے اولڈ پریڈ گراؤنڈ میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں شہریوں کے لیے لائیو میوزک، مختلف پرفارمنسز، فیملی تفریح اور شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری پیغام کے مطابق تقریب کا آغاز 14 اگست کو شام 5 بجے ہوگا، جبکہ شہریوں کے لیے داخلہ بالکل مفت رکھا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کے شہریوں کو اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ آزادی کی خوشیوں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں مارگلہ ٹریلز کے تفریحی راستے 13 اگست کو عوام کیلئے بند رہیں گے

دوسری جانب چیف کمشنر اسلام آباد کے فیس بک پیج پر بھی ’سٹی پریڈ 2026‘ کے عنوان سے تقریب کی تفصیلات شیئر کی گئی ہیں۔ اس کے مطابق تقریب 14 اگست کو شام 5 بجے ڈی چوک میں منعقد ہوگی۔

تقریب میں موسیقی، مختلف فنکارانہ پرفارمنسز اور خاندان کے افراد کے لیے تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ آتش بازی بھی شہریوں کی توجہ کا مرکز ہوگی۔

Scroll to Top