79واں یومِ آزادی:پاک فوج کی جانب سے جی ایچ کیو سمیت ملک بھر میں پرچم کشائی کی پروقار تقریبات کا انعقاد

پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) اور مسلح افواج کے تمام ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

تقریبات کے دوران قومی پرچم فضا میں بلند کیا گیا جبکہ قومی ترانے کی دھن سے پورا ماحول ملی جذبے اور حب الوطنی سے گونج اٹھا۔ اس پروقار موقع پر وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے وطنِ عزیز کے دفاع اور حفاظت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے پاک فوج کا ہر جوان مکمل طور پر پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کا 79ویں یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد، اہم بیان جاری کردیا

پاک فوج کے مطابق یومِ آزادی تجدیدِ عہد کا دن ہے جو ہمیں اپنے آباؤ اجداد اور شہدا کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

Scroll to Top