وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت عمران خان کی رہائی، انصاف، آئین و قانون کی بالادستی اور امن و امان سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔ رہنماؤں نے جمہوریت، آئین کی بالادستی اور پارلیمانی نظام کے استحکام کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پنجاب، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دورے کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوروں کے دوران سیاسی قیادت سے ملاقاتوں کے ساتھ عوامی رابطہ مہم بھی چلائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مختلف صوبوں میں پارٹی تنظیموں سے مشاورت کے بعد اجلاسوں اور ملاقاتوں کا شیڈول طے کیا جائے گا، جبکہ اس سلسلے میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
ملاقات میں تحریک کو مزید منظم اور مؤثر بنانے اور عوامی رابطہ مہم کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے علاج اور ملاقات سے متعلق بڑی خبر سامنے آ گئی
رہنماؤں نے عمران خان، بشریٰ بی بی اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی، انصاف کی فراہمی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس مقصد کے لیے وکلا، طلبہ، کسانوں، مزدوروں اور معاشرے کے دیگر طبقات کے جرگے منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔





