ڈھاکا: بنگلادیش کی ماڈل اور اداکارہ ردھیکا ردھی دارالحکومت ڈھاکا کے بشوندھرا رہائشی علاقے میں ہفتے کی صبح مردہ حالت میں پائی گئیں، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق ردھیکا ردھی کو صبح تقریباً 6 بجے ان کی رہائش گاہ سے تشویش ناک حالت میں پایا گیا۔ انہیں فوری طور پر کرمیٹولا جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
بھٹارا پولیس اسٹیشن کے انچارج مظہر الاسلام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس اسپتال پہنچی، جہاں اداکارہ کی لاش موجود تھی۔ پولیس کے مطابق ردھیکا ردھی کی والدہ اور دیگر اہل خانہ اس وقت پولیس اسٹیشن میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : نصرت فتح علی خان کو مداحوں سے بچھڑے 29 برس بیت گئے
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کی بنیاد پر واقعہ بظاہر خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ اہل خانہ کی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرنے کی کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ردھیکا ردھی ایک شخص کے ساتھ تعلق میں تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتے کی صبح دونوں کے درمیان ویڈیو کال پر بحث ہوئی، جس کے دوران مبینہ طور پر اداکارہ نے اپنی جان لے لی۔
پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی موت کی حتمی وجہ سامنے آسکے گی۔





