خاران: بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے لجے میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 7 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، بھاری مقدار میں گولہ بارود، دیگر جنگی سامان، 2 گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی مکمل طور پر تباہ کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد خاران اور لجے کے علاقوں میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں : خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاعات پر کارروائی ،10 دہشتگرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں بھی جاری رکھیں تاکہ دہشتگردوں کی موجودگی کے ممکنہ مقامات کا جائزہ لیا جاسکے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک ان کا تعاقب جاری رکھا جائے گا۔
یہ کارروائی ایک روز قبل خضدار کے شور پرود پہاڑی سلسلے میں کیے گئے آپریشن کے بعد سامنے آئی ہے، جہاں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
خضدار آپریشن پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہا تھا۔





