محکمہ موسمیات نے کل سے 21 اگست تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے دیگر علاقوں منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر اور ساہیوال میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
موسمی صورتحال کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے حالیہ فلڈ بلیٹن میں بھی اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب میں بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔





