ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ ان کے نمائندے نے اداکارہ کی موت کی تصدیق کردی ہے، تاہم فوری طور پر موت کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔
ہیڈن پنیٹیئر نے بطور چائلڈ اسٹار اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور ٹی وی و فلموں میں طویل عرصے تک کام کیا۔ انہیں مقبول ٹی وی سیریز ’ہیروز‘ میں کلیئر بینیٹ اور میوزیکل ڈراما سیریز ’نیش وِل‘ میں جولیٹ بارنز کے کردار سے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔
ان کے والد اسکیپ پنیٹیئر نے بیٹی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاندان اس ناقابلِ تصور صدمے سے گزر رہا ہے اور اس وقت نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔
اسکیپ پنیٹیئر نے اپنی بیٹی کو یاد کرتے ہوئے انہیں غیر معمولی روشنی اور مضبوط شخصیت قرار دیا، جو اپنے جاننے والوں سمیت پردہ اسکرین پر انہیں دیکھنے والے لاکھوں افراد کے لیے محبت اور خوشیاں لے کر آئیں۔
اداکارہ نے ’ریممبر دی ٹائٹنز‘، ’ریزنگ ہیلن‘، ’آئس پرنسس‘ اور ’اسکریم‘ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کی۔ وہ ’اسکریم‘ فرنچائز میں کربی ریڈ کے کردار میں بھی نظر آئیں۔
یہ بھی پڑھیں : کرسٹیانو رونالڈو کا ریٹائرمنٹ سے متعلق بڑا اعلان
ہیڈن پنیٹیئر اپنی ذاتی زندگی کے مشکل تجربات کے بارے میں بھی کھل کر بات کرتی رہی تھیں۔ رواں سال مئی میں ان کی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’This Is Me: A Reckoning‘ شائع ہوئی، جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف مشکل مراحل اور بحالی کے سفر کا ذکر کیا تھا۔
اداکارہ ایک بیٹی کی والدہ تھیں۔ ان کی بیٹی کایا کلِتھچکو 2014 میں ان کے سابق منگیتر اور سابق ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن ولادیمیر کلِتھچکو کے ہاں پیدا ہوئی۔
ہیڈن پنیٹیئر کی اچانک موت کی خبر نے ان کے مداحوں اور شوبز حلقوں کو سوگوار کردیا ہے، جبکہ ان کی موت کی وجہ سے
متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔





