بھارت ’’ معرکہ حق‘‘ کے ایک سال بعد بھی زمینی حقائق تسلیم کرنے سے گریزاں ہے، شکست تسلیم کرنے کے بجائے، بھارتی میڈیا اور مواد تخلیق کاروں نے ’’آپریشن سندور‘‘ کے نام سے ایک دستاویزی فلم جاری کی ہے، جس میں بھارتی سیاسی اور عسکری قیادت کو شامل کر کے ایک من گھڑت اور ڈرامائی بیانیہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے،سیاسی و عسکری ماہرین کے مطابق، یہ دستاویزی فلم حقیقت پسندی سے عاری ہے اور اس میں پیش کیے گئے حقائق خود اس کے دعووں کی نفی کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دستاویزی فلم میں 16 اپریل 2025 کو پاک فوج کے سپہ سالار کے خطاب اور 22 اپریل کے پہلگام واقعے کو آپس میں جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے، بھارت کا اپنا دعویٰ ہے کہ پہلگام کے ذمہ داران کو 82 دن بعد یعنی 28 جولائی 2025 کو ہلاک کیا گیا، لیکن فلم میں ’’آپریشن سندور‘‘ (جو 7 مئی کو ہوا) کو اس واقعے کی سزا قرار دیا جاتا ہے، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر اصل ملزمان 28 جولائی کو مارے گئے، تو بھارت نے 7 مئی کو کس کے خلاف کارروائی کا دعویٰ کیا تھا؟
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فلم میں ’’سو فیصد مشن کی کامیابی‘‘کا دعویٰ کیا گیا ہے جو کہ سراسر جھوٹ ہے،’’معرکہ حق‘‘ کے دوران پاک فوج نے دندان شکست ہزیمت دیتے ہوئے بھارت کے 8 جنگی طیارے مار گرائے تھے، اس کے بعد پاکستان نے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘کے تحت فتاح میزائلوں، ڈرونز اور درست نشانہ بننے والے ہتھیاروں سے 26 اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فلم کے اپنے بیانیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنگ بندی دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطے اور امریکہ کی ثالثی سے طے پائی، اس حقیقت کے باوجود، اس عسکری تعطل کو بھارت کی یکطرفہ فتح کے طور پر رنگ دینا محض عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت فلمی چالوں اور سنیما نما پروپیگنڈے سے تاریخ کا رُخ نہیں بدل سکتا،پاکستان کو اپنا مؤقف ثابت کرنے کے لیے کسی بناوٹی کہانی کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ آپریشنل ریکارڈ اور بین الاقوامی برادری حقیقت سے بخوبی واقف ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے، لیکن پاک فوج وطن عزیز کی سرحدوں اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ہم وقت تیار ہے،کسی بھی قسم کی مستقبل کی جارحیت کا ایسا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا کہ بھارتی پروپیگنڈا اسے چھپانے میں ناکام رہے گا۔





