اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ان کی بہن نورین نیازی کی اہم ملاقات ہوئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق جیل ذرائع نے بتایاکہ یہ ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی جو تقریباً 30 منٹ تک جاری رہی۔
ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی کی صحت اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر نورین نیازی نے عمران خان کو سپریم کورٹ کی جانب سے شفا ہسپتال منتقل کرنے اور میڈیکل بورڈ کی تشکیل سے متعلق جاری کردہ احکامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
ملاقات ختم ہونے کے بعد نورین نیازی داہگل ناکے پہنچیں جہاں انہوں نے وہاں موجود میڈیا نمائندوں سے باقاعدہ گفتگو کرنے سے معذرت کر لی، تاہم صحافی کے سوال پر انہوں نے صرف ملاقات ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ “ملاقات ہو گئی ہے”۔ اس کے بعد علیمہ خان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی نورین نیازی کی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کو شفا انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم، پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند قرار دے دیا
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج معالجے کے لیے شفا ہسپتال منتقل کرنے اور ان کے جائزہ کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم جاری کیا ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے سخت سکیورٹی میں ہسپتال منتقلی اور اس دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔





