وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ جب تک فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی جوڑی پچ پر کھڑی ہے، کسی قسم کی سازش کی کوئی گنجائش نہیں ہے،پی ٹی آئی کو مٹھائی کھانے میں تھوڑا انتظار کرنا چاہیے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹ کروا کے ریاست سے اپنی مرضی کے کام نہیں کرائے جاسکتے، پہلے بھی کہا تھا جیل حکام اور عدالت ہی ملاقات کراسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی جوڑی کے دونوں کردار چھرا گھونپنے والے نہیں بلکہ سیدھی بات کرنے والے ہیں، یہ دونوں خود بھی واضح ہیں اور ان کے اہداف بھی واضح ہیں، جب تک یہ جوڑی اس پچ پر کھڑی ہے کوئی سازش اس دور میں نہیں ہوگی۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ یہ تو کہتے تھے کہ نہ 26 ویں ترمیم کو مانتے ہیں نہ پارلیمنٹ کو، یہ تو ان عدالتوں کے نہیں مانتے تھے، آج وکٹری کا نشان بنارہے تھے، پی ٹی آئی کو مٹھائی کھانے میں تھوڑا انتظار کرنا چاہیے تھا، اس فیصلے میں بہت سی خامیاں ہیں اور بہت سی ایسی چیزیں ہیں جنہیں بہتر کیا جاسکتاہے، پی ٹی آئی والے خود ایسے لوگ ہیں جو کسی کے کندھوں پر بیٹھ کر آناچاہتے ہیں مگر اب کندھے نہیں ملتے ۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی قیدی کو سہولتیں دینے پرکوئی اعتراض نہیں نہ کبھی اعتراض کیا، بانی پی ٹی آئی اپنے دور میں قیدیوں سے متعلق کیا کہا کرتے تھے۔





