ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے امریکہ کو مطالبات کی فہرست تھمادی، فہرست میں امریکہ سے ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کے نکات پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ شامل ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ فہرست ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور مرکزی مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکہ کے حوالے کی ہے، باقر قالیباف نے امریکہ سے اُس ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کے نکات پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا جس کی میعاد کل ختم ہوچکی ہے۔
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکہ اور ایران، لبنان سمیت ہر محاذ پر فوجی کارروائیاں روکنے پر راضی ہوئے تھے جبکہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل یا تیار کرنے کے حق سے دست بردار ہوا تھا۔
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مطابق امریکہ نے ایرانی بحری ناکا بندی ختم کرنے اور ایران نے آبنائے ہرمز کھلی رکھنے پر اتفاق کیا تھا ۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکہ نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں کے خاتمے اور ایران کی تعمیرِ نو کا منصوبہ شروع کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔ اور یہ کہ امریکہ ایران کے منجمد فنڈز کی بحالی پر بھی راضی ہوا تھا ۔





