یوٹیوب نے ویڈیوز کے ویوز شمار کرنے کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت 24 اگست 2026 سے ویڈیو چلتے ہی پہلے فریم سے ویو شمار کیا جائے گا۔
نئے نظام کا اطلاق دنیا بھر میں یوٹیوب کے تمام ویڈیو فارمیٹس پر ہوگا۔ اس تبدیلی کا مقصد مختلف فارمیٹس میں ویوز گننے کے الگ الگ طریقہ کار کو ختم کرکے پورے پلیٹ فارم پر ایک ہی معیار نافذ کرنا ہے۔
یوٹیوب کے مطابق اس وقت مختلف ویڈیو فارمیٹس کے لیے ویوز شمار کرنے کے طریقہ کار میں فرق موجود ہے۔ گزشتہ سال شارٹس کے عوامی ویوز گننے کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی تھی تاکہ یہ زیادہ بہتر انداز میں ظاہر کیا جاسکے کہ صارفین مختصر ویڈیوز کو کس طرح دیکھتے ہیں۔
اب اسی معیار کو یوٹیوب کے دیگر تمام ویڈیو فارمیٹس تک توسیع دی جارہی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ کریئیٹرز کی جانب سے طویل عرصے سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ویوز کے مختلف پیمانوں کے باعث پیدا ہونے والی الجھن ختم کی جائے اور انہیں اپنی ویڈیوز کی حقیقی رسائی اور نمائش کا زیادہ واضح اندازہ فراہم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور سے دیگر اضلاع کیلئے موٹر وے پر بی آر ٹی سروس کا منصوبہ
نئے نظام کے تحت ویڈیو شروع ہوتے ہی ویو شمار ہونے کی وجہ سے ویڈیوز پر ویوز پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے ظاہر ہونے کا امکان ہے۔
تاہم یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ ویوز گننے کے طریقہ کار میں تبدیلی کا مونیٹائزیشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اسی طرح یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شمولیت یا اس کی اہلیت کے معیار میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔
یوٹیوب کے مطابق نیا نظام کریئیٹرز کو اپنے چینلز کی مجموعی رسائی اور حقیقی پیمانے کی زیادہ واضح تصویر فراہم کرے گا۔ اس کے نتیجے میں وہ برانڈز، اسپانسرز اور اشتہاری شراکت داروں کے سامنے اپنے چینل اور ویڈیوز کی حقیقی پہنچ کو زیادہ اعتماد کے ساتھ پیش کرسکیں گے۔





