دانش تیمور نے عائزہ خان سے طلاق کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ عائزہ خان سے علیحدگی کی گردش کرتی افواہوں پر بالآخر خاموشی توڑتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔

نجی اخبار کے نمائندے کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر دانش تیمور نے واضح کیا کہ وہ عائزہ خان کے ساتھ خوشحال ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ عائزہ خان ان کے پیارے بچوں کی ماں اور ان کی شریکِ حیات ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر کو ان کی خوشگوار اور پُرسکون زندگی پسند نہیں، اسی وجہ سے اس طرح کی من گھڑت خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹرز کی نئی رینج متعارف

اپنی مصروفیات کے حوالے سے دانش تیمور نے بتایا کہ وہ ان دنوں اپنے نئے پروجیکٹ کی شوٹنگ میں دن رات مصروف ہیں، اسی لیے وہ ایسی فضول اور جھوٹی باتوں پر توجہ نہیں دیتے اور نہ ہی ان سے متاثر ہوتے ہیں۔

دوسری جانب عائزہ خان بھی اس سے قبل سوشل میڈیا پر اپنی طلاق اور علیحدگی سے متعلق افواہوں کو مسترد کرچکی ہیں۔ ایک فین پیج پر سوال کے جواب میں اداکارہ نے واضح کیا تھا کہ ان کی طلاق یا علیحدگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں۔

یوں دونوں فنکاروں کی جانب سے علیحدگی سے متعلق افواہوں کی واضح تردید سامنے آچکی ہے۔

Scroll to Top