محمد اعجازآفریدی
حکومت پاکستان نے پینشنرز کی سہولت کے لیے سالانہ لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کا ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا۔
آفس آف دی کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (سی جی اے) نے وزارتِ خزانہ کی رہنمائی اور نادرا کے تعاون سے پینشنرز کو گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی سہولت فراہم کردی ہے۔
کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ارسال کردہ مراسلے کے مطابق، پینشنرز اب نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرکے اپنا سالانہ لائف سرٹیفکیٹ آن لائن جمع کرا سکیں گے۔
نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت پینشنرز کو صرف لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے لیے بینکوں یا سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، جس سے بالخصوص بزرگ شہریوں کو نمایاں سہولت میسر آئے گی۔
مراسلے کے مطابق اس ڈیجیٹل سہولت کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم پاکستان ایک خصوصی تقریب کے دوران کریں گے، جبکہ سی جی اے نے صوبائی حکومتوں سے نظام کے موثر نفاذ اور پینشنرز میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے تعاون کی درخواست کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں اعلیٰ افسران کے تبادلے، نوٹیفکیشن جاری
حکومت کے مطابق لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کا ڈیجیٹل نظام عوامی خدمات کو آسان، شفاف اور جدید بنانے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل پاکستان وژن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔





