پشاور: ڈپٹی کمشنر خیبر نے سب ڈویژن تیراہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بروقت اجرا اور ٹینڈرز کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر خیبر کی جانب سے جاری مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تیراہ میں ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز کے لیے کسی بھی محکمے یا ادارے سے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
مراسلے کے مطابق سب ڈویژن تیراہ کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی صوبائی حکومت اور تمام متعلقہ اداروں کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
تمام ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے جبکہ سرکاری فنڈز کا دانشمندانہ، شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا، 20 کلو تھیلا 3200 روپے تک پہنچ گیا
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اے ڈی پی، اے آئی پی، اے ایس ڈی آئی، خصوصی پیکیجز اور دیگر پروگراموں کے تحت جاری تمام ترقیاتی اسکیموں پر منظور شدہ معیار اور تصریحات کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔
مراسلے میں متعلقہ محکموں کو صوبائی حکومت کے نافذ العمل قوانین، قواعد و ضوابط اور جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکوں کی منظوری متعلقہ پروکیورمنٹ قوانین کے تحت شفاف طریقے سے کی جائے گی، جبکہ ٹینڈرنگ کے عمل کے لیے کسی بھی جانب سے این او سی درکار نہیں ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر خیبر کی جانب سے جاری مراسلے کی نقول چیف سیکرٹری، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، محکمہ داخلہ و قبائلی امور، فرنٹیئر کور، کمشنر پشاور ڈویژن اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔





