اسلام آباد: ادارہ شماریات نے ملک میں آٹے کی قیمتوں سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کردیے، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد ملک کا وہ شہر ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہورہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 3,133 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔
راولپنڈی میں بھی آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے اور 20 کلو کا تھیلا 3,093 روپے 33 پیسے تک میں فروخت ہورہا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق خضدار میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے مہنگا ہوا، جبکہ بہاولپور میں قیمت میں 60 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حیدرآباد میں آٹا 40 روپے اور لاڑکانہ میں 20 روپے تک مہنگا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں 351 آسامیوں کا اعلان، 7 ستمبر تک درخواستیں جمع کرانے کا موقع
دوسری جانب کوئٹہ میں بھی ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 2,700 روپے تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق بنوں میں 20 کلو آٹا 2,900 روپے، جبکہ پشاور میں 3,100 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔
کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3,000 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح لاڑکانہ میں 2,620 روپے اور سکھر میں 2,580 روپے میں 20 کلو آٹا دستیاب ہے۔
گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2,800 روپے تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور میں یہی تھیلا 2,300 روپے اور حیدرآباد میں 2,880 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں فرق برقرار ہے، جبکہ بعض علاقوں میں صرف ایک ہفتے کے دوران قیمت میں قابل ذکر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔





