نئی دہلی: بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں شادی کے نام پر درجنوں نوجوانوں کے ساتھ مبینہ فراڈ کا انوکھا واقعہ سامنے آگیا، جہاں 40 سے زائد دولہے شادی کے لباس میں دلہنوں کا انتظار کرتے رہے، تاہم کوئی دلہن تقریب میں نہیں پہنچی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مدھیہ پردیش کے رہائشی ابھیشیک ورما کے والدین اپنے بیٹے کی شادی کے لیے رشتہ تلاش کر رہے تھے کہ اسی دوران قریبی گاؤں کے ایک شخص نے خود کو میرج میچ میکر ظاہر کرتے ہوئے رشتہ کرانے کی پیشکش کی۔
مبینہ طور پر ملزم نے دولہوں کے خاندانوں کو بتایا کہ انہیں صرف لڑکیوں کی تصاویر پر مشتمل البم سے یتیم لڑکی کا انتخاب کرنا ہوگا اور اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے تقریباً 200 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق مئی کے آخر میں شادی کے روز ابھیشیک ورما سمیت تقریباً 40 دولہے صبح 8 بجے شادی کے لباس میں تقریب میں پہنچے۔ دولہے کئی گھنٹے تک دلہنوں کا انتظار کرتے رہے، تاہم شام تک کوئی دلہن نہ پہنچنے پر انہیں مبینہ فراڈ کا اندازہ ہوا۔
پولیس افسر پریتی کٹارے کے مطابق فراڈ کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے اور ان کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کے مطابق شرمندگی کے باعث ممکنہ طور پر مزید کئی متاثرین نے تاحال پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم سعودی عرب پہنچ گئی
پولیس نے رشتے کروانے والے شخص اور اس کے ساتھیوں کے خلاف دھوکہ دہی کے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ واقعے میں ملوث افراد اور فراڈ کے طریقہ کار سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔





