نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم سعودی عرب پہنچ گئی

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم سعودی عرب پہنچ گئی

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی موبائل رجسٹریشن ٹیم سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سہولیات اور خدمات کی فراہمی کیلئے سفارتخانے کے عملے کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئی۔

نادرا نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے  خصوصی سہولت کا اعلان کردیا، نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم پاکستان ایمبیسی کے تعاون سے سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق مختلف خدمات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرے گی۔

 نادرا حکام کے  مطابق موبائل رجسٹریشن ٹیم 21 اور 22 اگست 2026، بروز جمعہ اور ہفتہ کو تمیمی نیو کیمپ، ظہران ایئرپورٹ (الخبر) میں موجود ہوگی۔

موبائل ٹیم کے ذریعے پاکستانی شہری نئی شناختی دستاویزات کے اجرا، شناختی کارڈ کی تجدید، ترمیم، منسوخی، ری پرنٹ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) سمیت مختلف خدمات حاصل کرسکیں گے۔

نادرا کے مطابق شہریوں کو تمام ضروری کارروائی اپنے قریب ہی مکمل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے انہیں متعلقہ خدمات کے حصول کے لیے دور دراز سفر کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

نادرا کی خصوصی ٹیم 21، 22 اگست 2026، بروز جمعہ اور ہفتہ بوقت صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک (مقامی وقت کے مطابق) تمیمی نیو کیمپ، ظہران ایئرپورٹ پر موجود ہوں گے، مزید معلومات کیلئے نادرا کی ویب سائٹ  پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور مقام پر پہنچ کر نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم کی فراہم کردہ سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔

Scroll to Top