وزیراعظم ٹاسک فورس کے تحت آبی زراعت میں اہم پیش رفت، جدید طریقے متعارف

اسلام آباد: جدید ایکوا کلچر کے ذریعے آبی زراعت کے فروغ میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کے علاقے گھارو میں جدید ایکوا کلچر فارمز قائم کر دیے گئے۔

وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات جدید آبی زراعت، غذائی تحفظ اور برآمدات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں گھارو میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایکوا کلچر فارمز کے قیام پر کام کیا گیا ہے۔

گھارو ایکوا کلچر فارمز میں ٹیلاپیا، پینگاسیئس اور دیگر اقسام کی مچھلیوں کی جدید طریقوں سے افزائش کی جا رہی ہے۔ فارمز میں پانی کے معیار، آکسیجن، خوراک اور بائیو سیکیورٹی کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے تاکہ مچھلیوں کی بہتر اور صحت مند افزائش کو یقینی بنایا جاسکے۔

پولی کلچر فارمنگ کے ذریعے ایک ہی فارم میں مختلف اقسام کی مچھلیوں کی پرورش کرکے پیداوار میں اضافے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ گھارو میں پہلی مرتبہ ایکویریم میں پالی جانے والی مچھلیوں کی فارمنگ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک ترک سعودی دفاعی معاہدے میں ایک اور ملک کی انٹری؟ بنگلادیش نے بڑا عندیہ دے دیا

اس کے علاوہ پاک گھارو اور ملائیشیا کی کمپنی جی کے ایکوا ایس ڈی این بی ایچ ڈی کے اشتراک سے پاکستان کی پہلی آل میل فریش واٹر جائنٹ پراون ہیچری بھی قائم کی گئی ہے۔

منصوبے میں جدید مونو سیکس بریڈنگ ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے بڑے سائز، یکساں افزائش اور بہتر تجارتی پیداوار حاصل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ جائنٹ پراون کو ٹیلاپیا اور پینگاسیئس کے ساتھ بھی کامیابی سے پالا جاسکتا ہے، جس سے فارمز کی مجموعی پیداوار میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

اس منصوبے سے آبی مصنوعات کی برآمدات کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ کسانوں کی آمدن میں اضافے، جدید آبی زراعت کے فروغ اور قومی معیشت کو تقویت ملنے کی امید ہے۔

Scroll to Top