ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
ملک بھر کی فضاؤں میں درود و سلام کی صدائیں، مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے، چوک، چوراہے خوبصورتی سے سجائےگئے ہیں اور آقائے دو جہاں ﷺ سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا جارہا ہے۔
کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ، جگہ جگہ اسٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدار کیا جارہا ہے تو کہیں مسجد نبویﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز رکھے گئے ، شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسول کی جانب سے محفل میلاد کا انعقاد اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
لاہور میں بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے ، عید میلادالنبیﷺ کی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔
پشاور میں رحمت اللعالمینﷺ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے نعت خوانی اور میلاد مصطفیٰﷺ کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔
کوئٹہ میں بھی جگہ جگہ چراغان کیا گیا ہے ، محافل نعت اور میلادالنبیﷺ کے جلوس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کو بھی دلہن کی طرح سجایا گیا ہے، چپہ چپہ سرور کائنات کی آمد کی خوشی میں جگمگا رہا ہے، ہر جگہ جشن آمد رسول کے نعرے گونج رہے ہیں۔ مسجدوں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
کراچی اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی عید میلادالنبی ﷺ کے پیش نظر کے الیکٹرک نے آج کراچی میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔





