اسلام آباد: پاکستان کی قومی ویمنز فاسٹ بولر ایمن انور نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کی پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی تصدیق کردی ہے۔
ایمن انور نے جولائی 2016 سے فروری 2023 کے دوران پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے قومی ٹیم کی جانب سے 8 ایک روزہ اور 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے اور اپنے 45 میچز پر مشتمل بین الاقوامی کیریئر میں مجموعی طور پر 33 وکٹیں حاصل کیں۔
ان کے ریکارڈ میں ون ڈے انٹرنیشنل میں 4 جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 29 وکٹیں شامل ہیں۔
ایمن انور نے جنوری 2010 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نیشنل انڈر 19 ویمنز چیمپئن شپ میں کراچی انڈر 19 کی نمائندگی کرتے ہوئے کرکٹ کا آغاز کیا۔ عمدہ کارکردگی کے بعد وہ قومی سطح پر ابھریں اور 2016 میں پاکستان ویمنز ٹیم کا حصہ بن گئیں۔
انہوں نے 2016 میں انگلینڈ کے خلاف ساؤتھمپٹن میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور پاکستان کی 37ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھلاڑی بنیں۔ 2017 میں کولمبو میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا، یوں وہ پاکستان کی 76ویں ون ڈے کھلاڑی بن گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : سوزوکی کی پہلی الیکٹرک کی کار ’ای اسکائی‘ متعارف
ایمن انور نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران کئی اہم عالمی ایونٹس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ 2018، 2020 اور 2022-23 کے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ رہیں، جبکہ 2022 میں نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔
کرکٹ سے وابستگی برقرار
انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود ایمن انور نے کھیل سے اپنا تعلق برقرار رکھا۔ وہ براڈکاسٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔
رواں سال جنوری میں انہوں نے میچ ریفری کے عہدے کے لیے انڈکشن کورس کامیابی سے مکمل کیا۔ اس کے بعد جاری نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ میں انہوں نے بطور میچ ریفری اپنے نئے کیریئر کا آغاز کیا۔
ایمن انور کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ پاکستان ویمنز کرکٹ کی ایک اور کھلاڑی کا بین الاقوامی سفر اختتام پذیر ہوگیا، تاہم وہ براڈکاسٹنگ اور میچ ریفری کی حیثیت سے کرکٹ سے اپنی وابستگی جاری رکھے ہوئے ہیں۔





