پشاور: خیبر پختونخوا پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے مختلف اضلاع، سیکیورٹی ڈویژن، سی سی پی او پشاور، ایس ایس یو (سی پیک)، ایلیٹ فورس، ایف آر پی، سی ٹی ڈی اور دیگر شعبوں سے وابستہ 57 اہلکاروں کے تبادلے اور نئی تعیناتیاں کردی گئی ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری ہونے والے باقاعدہ حکم نامے کے مطابق تمام تبادلے اور تعیناتیاں فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی۔ حکم نامہ پشاور سے 28 اگست 2026 کو جاری کیا گیا۔
تبادلوں کی فہرست میں لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 19 اہلکار جبکہ بنوں سے تعلق رکھنے والے 8 اہلکار بھی شامل ہیں۔ اہلکاروں کو صوبے کے مختلف اضلاع اور پولیس کے اہم شعبوں میں تعینات کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے تحت سیکیورٹی ڈویژن خیبر پختونخوا سے اہلکاروں کو سی سی پی پشاور اور دیگر اضلاع میں بھیجا گیا، جبکہ سی سی پی پشاور، ضلعی پولیس، ایس ایس یو (سی پیک)، ایف آر پی، ایلیٹ فورس اور اسپیشل برانچ سے بھی متعدد اہلکاروں کے تبادلے کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ڈی آئی خان میں پولیس پارٹی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، ڈی ایس پی سمیت اہلکار زخمی
تبادلوں کے تحت اپر چترال، سوات، مردان، کوہاٹ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، بنوں، ٹانک، بونیر، تورغر، مانسہرہ، صوابی، شانگلہ، لوئر چترال، لوئر دیر، ہری پور، لوئر کوہستان، چارسدہ، باجوڑ اور بٹگرام سمیت مختلف اضلاع میں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
حکم نامے میں بعض اہلکاروں کی تعیناتی متبادل بنیادوں پر بھی کی گئی ہے، جبکہ ایک اہلکار کو طبی بنیادوں پر سی سی پی پشاور میں تعینات کرنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ اسی طرح پولیس اسکول آف ایکسپلوزو ہینڈلنگ نوشہرہ سے بھی اہلکار کو سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا منتقل کیا گیا ہے۔
حکم نامے پر اے آئی جی/اسٹیبلشمنٹ فیاض الفرید پی ایس پی نے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا، پشاور کی جانب سے دستخط کیے ہیں۔
پولیس حکام کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کی نقول متعلقہ اعلیٰ پولیس حکام اور سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے دفتر کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔





